حضرتِ سیدُنا اُمیہ بن مَخْشِی رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں،ایک شخص بِغیر بِسْمِ اللہ پڑھے کھانا کھارہا تھا، جب کھا چُکا، صِرف ایک ہی لُقمہ باقی رہ گیا ، وہ لُقمہ اُٹھایا اور اُس نے یہ کہا،   بِسْمِ اللہِ اَوَّلَہٗ وَاٰخِرَہٗ۔  تاجدارِ مدینہ صلّی اللہ  تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم مسکرانے لگے اور یہ ارشاد فرمایا،''شیطان اِس کے ساتھ کھانا کھا رہا تھاجب اِس نے اللہ عَزَّوَجَلَّ کا نام ذِکْر کیا تَو جو کچھ اُس کے پیٹ میں تھا اُگَل دیا۔''                                                     (ابوداو،د شریف ج۳ ص۳۵۶حدیث ۳۷۶۸ )


نگاہ مصطفے صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے کچھ پوشیدہ نہیں

 

معزز قاریین:۔  جب بھی کھانا کھائیں یا د کر کے  بِسْمِ اللہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ  پڑھ لینا چاہئے۔ جو نہیں پڑھتا اس کا '' قَرِین'' نامی شیطان بھی کھانے میں ساتھ شریک ہو جاتا ہے ۔ سیِّدُنا اُمیہ بن مَخْشِی رضی اللہ تعالیٰ عنہ والی روای سے صاف ظاہِر ہورہا ہے کہ ہمارے میٹھے میٹھے آقا مدینے والے مصطَفٰے صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نگاہیں سب کچھ دیکھ لیا کرتی تھیں جبھی تو شیطان کو بد حواسی کے عالم میں قے کرتا ہوا ملاحَظہ فرما کر مُسکرادیئے۔ چُنانچِہ مُفسّرِشہیر حکیمُ الامّت مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ المنّان فرماتے ہیں، ''رحمتِ عالَم صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مقدَّس نظریں حقیقت میں چُھپی ہوئی مخلوق کو بھی مُلاحَظہ فرماتی ہیں، اور حدیثِ مبارَک بِالکل اپنے ظاہِری معنیٰ پر ہے کسی تاویل کی ضَرورت نہیں، جیسے ہمارا پیٹ مکّھی والا کھانا (جبکہ مکّھی اُس میں موجود ہو ) قَبول نہیں کرتا۔ایسے ہی شیطان کا مِعدہ بسم اللہ والا کھانا ہَضم نہیں کر پاتا ۔ اگر چِہ اُس کا قے کیا ہوا کھانا ہمارے کام نہیں آتا ،مگر مردود بیمار پڑ جاتا ہے اور بھوکا بھی رَہ جاتا ہے اور ہمارے کھانے کی فوت شُدہ بَرَکت لوٹ آتی ہے ۔ غرضیکہ اس میں ہمارا فائِدہ ہے اور شیطان کے دو نقصان ، اور ممکن ہے کہ وہ مردود آئندہ ہمارے ساتھ بغیر بسم اللہ والا کھانا بھی اس ڈر سے نہ کھائے کہ شاید یہ بیچ میں بسم اللہ پڑھ لے اور مجھے قے کرنی پڑ جائے۔ حدیثِ پاک میں جس آدَمی کا ذِکر ہے غالِباً وہ اکیلا کھا رہا تھا اگر حُضورِ اکرمِ صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ کھاتا ہوتا توبسم اللہ نہ بھولتا کیوں کہ وہاں تو حاضِرین بسم اللہ بُلند آواز سے کہتے تھے اور ساتھ والوں کو بسم اللہ کہنے کا حکم کرتے تھے۔        (مراٰۃ شرحِ مشکوٰۃ ج۶ ص۳۰)

 

 


Post a Comment

 
Islamic Status © 2013. All Rights Reserved. Shared by WpCoderX
Top